دعا مانگتے ہوئے ہاتھوں کے درمیان فاصلہ
سوال: دعا مانگتے ہوئے ہاتھ جوڑ کر رکھے جائیں یا ہاتھوں کے درمیان فاصلہ ہونا چاہیے درست طریقہ کیا ہے؟
User ID:جانی ملک
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
دعا مانگتے ہوئے دونوں ہاتھوں کو پھیلا کر رکھنا کہ ان دونوں میں فاصلہ ہو افضل ہے لہذا دعا مانگتے ہوئے ہاتھوں کو ملانے یا ایک ہاتھ پر دوسرا ہاتھ چڑہانے کے بجائے ہاتھوں کو پھیلا کر درمیان میں فاصلہ رکھ کر دعا مانگی جائے یہی درست طریقہ ہے۔حضرتِ سَیِّدُنا علامہ اسماعیل حقی عَلَیْہِ رَحْمَۃُ اللّٰہِ الْقَوِی فرماتے ہیں : افضل یہ ہے کہ دعا میں دونوں ہاتھوں کو پھیلائے اور ان کے درمیان فاصلہ رکھے اگرچہ قلیل ہو ۔ ایک ہاتھ کو دوسرے پر نہ چڑھائے ۔
(روح البیان، پ۸، الاعراف، تحت الآية : ۵۵ ، ۳ / ۱۷۸ ملتقطاً)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
20صفر المظفر5144 ھ6 جولائی 2023 ء