حضور ﷺ سے ثابت خوشبو کا نام
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ حضور ﷺ سے کون سی خوشبو لگانا ثابت ہے؟
User ID:عامر علی
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
حضور ﷺ سے مشک و عنبر کی خوشبو لگانا ثابت ہے ایسے ہی عود کی دھونی لینا بھی پیارے آقا ﷺ سے ثابت ہے۔ سنن نسائی کی حدیث ہے:محمد بن علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے مروی ہے ، آپ فرماتے ہیں کہ میں نے حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا :کیا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم خوشبو لگایا کرتے تھے ؟تو انہوں نے فرمایا : نعم، بذكارة الطيب؛ المسك، والعنبر ترجمہ: جی ہاں! نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مردانہ خوشبو مشک و عنبر استعمال فرمایا کرتے تھے ۔ (سنن نسائی،کتاب الزینۃ،ج8،ص151، المكتبة التجارية الكبرى ،قاهرہ)
حضرت نافع رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ ابن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما کبھی خالص عودکی دھونی لیتے اور کبھی عود کے ساتھ کافور ملا کر دھونی لیتے اور یہ کہتے کہ: هكذا كان يستجمر رسول اللہ صلى اللہ عليه وسلم ترجمہ:رسول اﷲصلی اللہ تعالی علیہ وسلم بھی اسی طرح دھونی لیا کرتے تھے۔
(الصحيح لمسلم،ج7،ص48،دار الطباعة العامرہ،تركی)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
14ربیع الاول 5144 ھ 1 اکتوبر 2023 ء