برہنہ ہو کر وضو کرنے کا حکم
سوال: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس بارے میں کہ برہنہ ہو کر وضو کیا تو کیا وضو ہو جائے گا؟اور اس وضو سے پڑھی گئی نماز ہو جائے گی؟
User ID:مدثر خان
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
اس بارے میں حکم شرع یہ ہے کہ برہنہ ہو کر وضو کرنے سے وضو ہو جائے گا البتہ وضو کے آداب میں سے ہے کہ ناف سے گھٹنوں تک ستر ڈھانپا ہوا ہو لہذا بہتر یہی ہے کہ ستر ڈھانپ کر ہی وضو کیا جائے۔ صدر الشریعہ بدرالطریقہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں: عوام میں جو مشہور ہے کہ گھٹنایااور سترکھلنے یا اپنا یاپرایا ستر دیکھنے سے وُضو جاتا رہتا ہے محض بے اصل بات ہے۔ ہاں وُضو کے آداب سے ہے کہ ناف سے زانو کے نیچے تک سب ستر چھپا ہو بلکہ استنجے کے بعد فوراً ہی چھپا لینا چاہیئے کہ بغیر ضرورت ستر کھلا رہنا منع ہے اور دوسروں کے سامنے ستر کھولنا حرام ہے۔ (بہارِ شریعت ،جلد اول،حصہ دوم،صفحہ309،مکتبۃالمدینہ،کراچی)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
5جمادی الاولی 5144 ھ20 نومبر 2023 ء