اسلام لانا سابقہ تمام گناہوں کو مٹا تا ہے
سوال: کیا اسلام لانے سے سابقہ تمام گناہ معاف ہو جاتے ہیں ؟
User ID:جانی ملک
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
جی ہاں اسلام سابقہ تمام گناہوں کو مٹا دیتا ہے۔ سیدنا عمرو بن العاص رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: لَمَّا جَعَلَ اللّٰہُ الإِسْلاَمَ فِیْ قَلْبِیْ، أَتَیْتُ النَّبِیَّ صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ فَقُلْتُ: أُبْسُطْ یَمِیْنَکَ فَلأُبَایِعَکَ، فَبَسَطَ یَمِیْنَہٗ فَقَبَضْتُ یَدَیَّ، فَقَالَ: مَا لَکَ یَا عَمَرُو! قُلْتُ: أَرَدْتُّ أَنْ أَشْتَرِطَ قَالَ: تَشْتَرِطُ مَاذَا؟ قُلْتُ: أَنْ یُّغْفَرَ لِیْ قَالَ: أَمَا عَلِمْتَ یَا عَمَرُو أَنَّ الإِسْلاَمَ یَہْدِمُ مَا کَانَ قَبْلَہٗ، وَأَنَّ الْہِجْرَۃَ تَہْدِمُ مَا کَانَ قَبْلَہَا، وَأَنَّ الْحَجَّ یَہْدِمُ مَا کَانَ قَبْلَہٗ۔ ترجمہ : جب اللہ نے میرے دل میں مشرف باسلام ہونے کا خیال ڈالا تو میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا ، اور میں نے عرض کیا کہ اپنا ہاتھ بڑھائیے ؛ تاکہ میں آپ سے بیعت کروں ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اپنا داہنا ہاتھ آگے کردیا ؛ لیکن میں نے اپنا ہاتھ کھینچ لیا ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا کہ تمہیں کیا ہوا کہ تم نے ہاتھ کھینچ لیا ؟ میں نے عرض کیا کہ میں ایک شرط لگانا چاہتا ہوں ، وہ یہ کہ میری خطائیں بخش دی جائیں ، نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا : اے عمرو! کیا تمہیں یہ معلوم نہیں ہے کہ اسلام قبول کرنا سابقہ سبھی گناہوں کو مٹادیتا ہے ، ہجرت بھی پہلے گناہوں کو ڈھادیتی ہے اور حج بھی ماضی کے گناہوں کو زائل کردیتا ہے ۔
(مسلم، الصحيح، کتاب الإيمان، باب کون الاسلام يهدم ما قبله، 1 : 112، رقم : 121،)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــہ
انتظار حسین مدنی کشمیری عفی عنہ
20صفر المظفر5144 ھ6 جولائی 2023 ء