سوال:پھنسی یا دانے سے خون نکلا تو وہ پاک ہے یا ناپاک اور وضو کا کیا حکم ہو گا؟
یوزر آئی ڈی:مرحا نور
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
پھنسی یا دانے سے نکلنے والا خون اگر بہنے کی مقدار میں نکلا کہ اگر بہتا تو ایسی جگہ پہنچ جاتا جس کا وضو و غسل میں دھونا فرض ہے تو ایسا خون ناپاک ہے اور یہ وضو بھی توڑ دے گا ورنہ نہیں۔ صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں:خون یا پیپ یا زرد پانی کہیں سے نکل کر بہا اور اس بہنے میں ایسی جگہ پہنچنے کی صلاحیت تھی جس کا وُضو یا غسل میں دھونا فرض ہے تو وُضو جاتا رہا اگر صرف چمکا یا اُبھرا اور بہا نہیں جیسے سوئی کی نوک یا چاقو کا کنارہ لگ جاتا ہے اور خون اُبھر یا چمک جاتا ہے۔۔۔مگر وہ خون بہنے کے قابل نہ تھا تووُضو نہیں ٹوٹا۔
(بہارشریعت،جلد1،حصہ2،صفحہ307،مکتبۃالمدینہ،کراچی)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ
انتظار حسین مدنی کشمیری
3ذوالقعدۃ الحرام 1444ھ/24مئی2023 ء