سوال:میت کو تابوت کے اندر رکھ کر زمین کے اوپر ہی رکھ دینا زمین میں دفن نہ کرنا کیسا ہے؟
یوزر آئی ڈی:پارٹی سپنٹ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
پوچھی گئی صورت جائز نہیں ہے کیونکہ میت کو زمین میں دفن کرنا فرض کفایہ ہے زمین کے اوپر میت کو رکھ کر کسی طریقے سے چھپا دینا جائز نہیں ۔ رد المحتار میں ہے:أنه لا يجزئ دفنه على وجه الأرض ببناء عليه ترجمہ:میت کو یوں دفن کرنا کہ اس کو زمین پر رکھ کر اوپر عمارت بنا دی جائے یہ کفایت نہیں کرے گا۔
(رد المحتار علی الدر المختار،مطلب فی دفن المیت،جلد02،صفحہ 233،دار الفکر،بیروت)
صدر الشریعہ ،بدر الطریقہ، مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں :’’میّت کو دفن کرنا فرض کفایہ ہے اور یہ جائز نہیں کہ میّت کو زمین پر رکھ دیں اور چاروں طرف سے دیواریں قائم کر کے بند کر دیں۔‘‘
(بھار شریعت،جلد01،حصہ4،صفحہ 842،مکتبۃ المدینہ،کراچی)
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ
انتظار حسین مدنی کشمیری
25شوال المکرم1444ھ/16مئی2023 ء