محارم کے سامنے باریک ڈوپٹہ پہننا

سوال:کیا عورت محارم کے سامنے باریک ڈوپٹہ پہن سکتی ہے اگر پہنے تو گنہگار تو نہیں ہو گی؟

یوزر آئی ڈی:جمیل

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

عورت اپنے محارم کے سامنے باریک ڈوپٹہ پہنے تو گنہگار نہیں ہو گی کیونکہ عورت کے محارم(باپ،بیٹا،بھائی،وغیرہ) کا عورت کے سر اور بالوں کو دیکھنا جائز ہے جبکہ شہوت سے نہ دیکھے ورنہ جائز نہیں۔بدائع الصنائع میں ہے: ’’يحل للرجل النظر من ‌ذوات ‌محارمه إلى رأسها وشعرها وأذنيها وصدرها وعضدها و ثديها وساقها وقدمها‘‘ترجمہ: کسی شخص کا اپنی محرم رشتے دار خاتون کے سر، بال، کانوں، سینے، بازو، چھاتی، پنڈلی اور قدموں کی طرف نظر کرنا ، جائز ہے۔

(بدا ئع الصنائع، جلد6،کتاب الاستحسان ، صفحہ489،مطبوعہ کوئٹہ )

دیکھنا تب جائز ہے جب شہوت نہ ہو اس حوالے سے در مختار میں ہے: ’’إن أمن شهوته وشهوتها أيضا وإلا لا‘‘ترجمہ:اگر مرد اور عورت کو اپنی شہوت نہ بھڑکنے پر اعتماد ہو تو دیکھنا جائز ہے، ورنہ ہرگز جائز نہیں۔

(درمختار مع ردالمحتار ، جلد9،کتاب الحظر والاباحۃ،فصل فی النظر واللبس، صفحہ605، مطبوعہ کوئٹہ )

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ

انتظار حسین مدنی کشمیری

1 ذوالقعدۃ الحرام 1444ھ/22مئی2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں