سب مسلمانوں کے لیے مغفرت کی دعا

سوال:اس طرح دعا کرنا کہ یا اللہ میری اور تمام مسلمانوں کی بخشش و مغفرت فرما ،، کیسا ہے؟

یوزر آئی ڈی:محمد سفیان

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

تمام مسلمانوں کے لیے بالعموم بخشش و مغفرت کی دعا کرنا جائز ہے ہاں بلا حساب و کتاب سارے مسلمانوں کی بخشش و مغفرت کی دعا کرنا کہ کسی مسلمان سے بھی حساب و کتاب والا معاملہ نہ ہو سب بغیر کسی مؤاخذے کے جنت میں چلے جائیں ،جائز نہیں کیونکہ قرآن و حدیث میں گنہگار مسلمانوں کی سزائیں وارد ہوئی ہیں اور ایسے دعا کرنا قرآن و حدیث کے خلاف ہے۔ اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ فضائلِ دعا میں لکھتے ہیں: ”دوسرے یہ کہ مغفرت تامہ کاملہ مراد لی جائے یعنی ہرمسلمان کے ہر گناہ کی پوری مغفرت کر کہ کسی مسلمان کے کسی گناہ پر اصلاً مواخذہ نہ کیا جائے،یہ بیشک تکذیب نصوص کی طرف جائے گا اور اسی کو امام قرافی ناجائز فرماتے ہیں ۔ اور بیشک یہی من حیث الدلیل راجح نظر آتا ہے اور اس طرح کی دعا کسی آیت یا حدیث سے ثابت نہیں ۔ “

(فضائل دعا، صفحہ211، مکتبۃ المدینہ، مکتبۃ المدینہ،کراچی)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ

انتظار حسین مدنی کشمیری

3ذوالقعدۃ الحرام 1444ھ/24مئی2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں