ختم قرآن کے بعد ایک ساتھ سجدہ تلاوت

سوال:قرآن میں آیات سجدہ کتنی ہیں اور بیرون نماز کیا ہر آیت سجدہ پڑھنے کے بعد سجدہ تلاوت کرنا ہو گا یا آخر میں سب ایک ساتھ کر سکتے ہیں؟

یوزر آئی ڈی:محمد جاوید

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

قرآن پاک میں 14 آیات سجدہ ہیں اور بیرون نماز اگر آیت سجدہ کی تلاوت کی تو فورا سجدہ تلاوت کرنا واجب نہیں البتہ بہتر ہے کہ وضو ہو تو فورا سجدہ کر لیا جائے سجدے میں تاخیر کرنا مکروہ تنزیہی ہے لہذا ہر آیت سجدہ پڑھ کر سجدہ کریں تو بہتر ہے البتہ اگر ختم قرآن کے بعد سب سجدے ایک ساتھ کر لیے تو یہ بھی جائز ہے۔ سیدی اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ تحریر فرماتے ہیں: سجدۂ تلاوت 14آیات کی وجہ سے لازم ہوتا ہے۔

(فتاویٰ رضویہ،جلد8، صفحہ223، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ تعالٰی علیہ تحریر فرماتے ہیں، کہ آیت سجدہ بیرون نماز پڑھی(یعنی نماز کے علاوہ) تو فوراً سجدہ کر لینا واجب نہیں، ہاں بہتر ہے کہ فوراً کر لے اور اگر وضو ہو تو تاخیر کرنا مکروہِ تنزیہی ہے۔

(بہار شریعت، حصہ4، صفحہ733، مکتبۃ المدینہ،کراچی)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ

انتظار حسین مدنی کشمیری

3ذوالقعدۃ الحرام 1444ھ/24مئی2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں