سوال:جس عورت کا شوہر فوت ہو جائے تو اس کی عدت کتنی ہے؟اور اس دوران عورت کن کن سے پردہ کرے گی؟
یوزر آئی ڈی:پارٹی سپنٹ
بسم اللہ الرحمن الرحیم
الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب
جس عورت کا شوہر فوت ہو جائے اور عورت اس وقت حاملہ نہ ہو تو اس کی عدت چار ماہ دس دن ہے اگر وفات اسلامی ماہ کی پہلی تاریخ کو ہوئی ہے تو چاند کے اعتبار سے مہینے شمار ہوں گے اور اگر کسی اور تاریخ کو وفات ہوئی ہے تو 130دن عدت لازم ہو گی اور اگر عورت حاملہ ہو تو اس کی عدت بچہ جننے تک ہے جیسے ہی بچہ جنے گی عدت مکمل ہو جائے گی اور عدت کے دوران بھی انہی سے پردہ لازم ہے جن سے عام حالات میں لازم ہے جیسے غیر محارم اور جن سے عدت کے علاوہ پردہ لازم نہیں جیسے محرم رشتے ان سے عدت میں بھی پردہ لازم نہیں۔ اللہ تعالیٰ ارشادفرماتاہے: ﴿وَالَّذِیْنَ یُتَوَفَّوْنَ مِنْکُمْ وَیَذَرُوْنَ اَزْوَاجًا یَّتَرَبَّصْنَ بِاَنْفُسِھِنَّ اَرْبَعَۃَ اَشْھُرٍوَّ عَشْرًا ﴾ترجمۂ کنزالایمان :’’اورتم میں جومریں اوربیبیاں چھوڑیں ، وہ چارمہینے دس دن اپنے آپ کوروکے رہیں ۔‘‘
(القرآن ،سورۃ البقرۃ ، آیت 234)
اللہ تعالیٰ دوسرے مقام پر ارشاد فرماتاہے: ﴿وَاُولَا تُ الْاَ حْمَالِ اَجَلُھُنَّ اَنْ یَّضَعْنَ حَمْلَھُنَّ ﴾ترجمہ کنزالایمان”اورحمل والیوں کی میعاد یہ ہے کہ وہ اپناحمل جن لیں ۔‘‘
(القرآن،سورۃ الطلاق ، آیت4 )
واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ
انتظار حسین مدنی کشمیری
1 ذو القعدۃالحرام 1444ھ/22مئی2023 ء