احتلام ہونا یاد نہ ہو اور شلوار پر تری پائی تو

سوال:بندہ سو کر اٹھے اور شلوار پر تری کا اثر نظر آئے جبکہ احتلام ہونا یاد نہ ہو تو کیا غسل فرض ہو گا؟

بسم اللہ الرحمن الرحیم

الجواب بعون الملک الوھاب اللھم ھدایۃ الحق والصواب

اسکی دو صورتیں بنتی ہیں پہلی یہ کہ سونے سے پہلے اگر شہوت تھی ، عضو تناسل میں تناؤ تھا اور اٹھنے پر تری پائی اور اس تری کے بارے میں ظن غالب ہو کہ منی ہے تو غسل فرض ہو گا ورنہ نہیں اور اگر سونے سے پہلے شہوت نہیں تھی سو کر اٹھا اور شلوار پر تری پائی تو اگر اس کے منی ہونے کا شک بھی ہو تو غسل فرض ہو جائے گا ظن غالب کی ضرورت نہیں ۔ صدر الشریعہ ،بدر الطریقہ ،مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں: اگر سونے سے پہلے شَہوت تھی آلہ قائم تھا اب جاگا اور اس کا اثر پایا اور مذی ہونا غالب گمان ہے اور اِحْتِلام یاد نہیں تو غُسل واجب نہیں، جب تک اس کے مَنی ہونے کا ظن غالب نہ ہو اور اگرسونے سے پہلے شَہوت ہی نہ تھی یا تھی مگر سونے سے قبل دب چکی تھی اور جو خارِج ہوا تھا صاف کر چکا تھا تو مَنی کے ظنِ غالب کی ضرورت نہیں بلکہ محض احتمالِ مَنی سے غُسل واجب ہو جائے گا۔ یہ مسئلہ کثیرُ الوُقوع ہے اور لوگ اس سے غافل ہیں۔اس کا خیال ضرور چاہیے۔

(بہارِ شریعت ،جلد اول،حصہ دوم،صفحہ322،مکتبۃ المدینہ ،کراچی)

واللہ اعلم عزوجل ورسولہ اعلم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کتبہ

انتظار حسین مدنی کشمیری

3ذوالقعدۃ الحرام 1444ھ/24مئی2023 ء

اپنا تبصرہ بھیجیں